آرٹیکل6: صدر معافی دے سکتے ہیں،گیلانی
اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی گئی تو صدر انہیں معافی دے سکتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مشرف کے ساتھی اور شریک جرم آج ان کی کابینہ اور ن لیگ میں شامل ہیں اس لئے کارروائی قابل عمل نہیں۔ اسلام آباد میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطارڈنر میں خطاب اور گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ مشرف کے ساتھ کوئی ڈیل ہوئی ہے نہ وہ کسی ڈیل پر یقین رکھتے ہیں۔ مشرف کے مستقبل کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے۔ اور وہ چاہتے ہیں کہ فیصلہ اتفاق رائے سے ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل چھ کا اطلاق کسی فرد واحد پر نہیں ہوتا۔ بلکہ اس کا اطلاق جرم کرنے والے ، اس کے معاونین اور جرم میں شریک دیگر افراد پر بھی ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے بلوچستان پیکج کے بارے میں کہا کہ سیاسی قائدین کو اعتماد میں لینے کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
*************
Bookmarks