ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن پتھر پر لکیر نہیں، امریکا
واشنگٹن : امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کو ایٹمی پاور پلانٹ کے معائنہ کے لئے دی گئی دو ہفتے کی ڈیڈ لائن پتھر پر لکھی تحریر نہیں ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان این کیلی نے واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ تہران کو دی گئی ڈیڈ لائن حتمی نہیں ہے تاہم ایٹمی پلانٹ کے معائنے پر جلد فیصلہ کیا جانا چاہئے ۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند ہفتوں میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی ایران کی جوہری تنصیبات کا معائنہ کر لے گی۔ این کیلی نے بتایا کہ ایران قم کے قریب قائم ایٹمی پلانٹ کے معائنے کے لئے اصولی طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نہیں سمجھتا کہ یہ ایک سخت ڈیڈ لائن ہے مگر امریکا واضع کرچکا ہے کہ یہ فوری ضرورت ہے تاہم یہ اچانک ختم ہونے والی ڈیڈ لائن بھی نہیں ہے اور ایران کو اپنی ذمے داریوں کا خود احساس کرنا ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ ایران آئی اے ای اے کے ساتھ مکمل اورفوری تعاون پر اتفاق کرچکا ہے۔ امریکا توقع کرتا ہے کہ ایران اس پر عملدرآمد کرے گا۔
Bookmarks