وضاحتی بیان کے بعداوباما آج بل پر دستخط کردینگے



واشنگٹن : امریکی سینیٹر جان کیری نے کہا ہے کہ کانگریس سے وضاحتی بیان جاری ہونے کےبعد صدر براک اوباما آج کیری لوگر بل پر دستخط کردیں گے۔ ذرائع کے مطابق امریکی حکومت نے وضاحتی بیان کو کیری لوگر بل کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بیان میں کہا جائے گا کہ کیری لوگر بل میں پاکستان پر کوئی شرط عائد نہیں کی جائے گی اور تمام شرائط امریکی انتظامیہ پر عائد کی جائیں گی ۔ اس وضاحتی بیان کے بعد صدر اوباما کیری لوگر بل پر دستخط کریں گے۔ اس سے پہلے سینیٹر جان کیری نے شاہ محمود قریشی سے مذاکرات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ بل کی متنازع شقوں کی زبان درست کرکے دنوں ملکوں کے درمیان باہمی احترام کے رشتوں کو تقویت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بعض حلقوں میں اس بل کی غلط تشریح کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سینیٹر جان کیری کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا جس میں کیری لوگر بل کے حوالے کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے کا امکان ہے۔