دہشتگردی میں امریکا، برطانیہ اور پاکستان ملوث ہیں، ایران
تہران : ایران نے پاسداران انقلاب پر حملے کا الزام امریکا، برطانیہ اور پاکستان پر عائد کردیا، جبکہ جنداللہ گروپ نے دعوی کیا ہے کہ خودکش حملہ آور پاکستانی شہری تھا۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خودکش حملہ میں ملوث عناصر کو ہر صورت سزا دی جائے گی۔ خون کے پیاسے دہشت گردوں کے حالیہ حملے نے اتحاد کے دشمنوں کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر بے نقاب کردیا ہے۔ ان دہشتگردوں کو سامراجی قوتوں کی خفیہ ایجنسیوں کی مدد حاصل ہے ۔ ادھر خودکش حملہ سے جاں بحق ہونیوالے پاسدران انقلاب کے کمانڈرز کی نماز جنازہ زاہدان میں ادا کی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پرپاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف محمد علی جعفری نے کہا کہ خودکش حملہ میں امریکا، پاکستان اور برطانیہ ملوث ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے شواہد حاصل کئے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ عبدالمالک ریگی کا براہ راست تعلق امریکی اور برطانوی خفیہ ایجنسیوں سے ہے ۔جبکہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس کا پاکستانی خفیہ ایجنسی سے بھی تعلق ہے۔ محمد علی جعفری نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ کو حالیہ دہشت گردی کا سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں امریکا، برطانیہ اور پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت دینے کیلئے ایرانی وفد جلد پاکستان جائے گا۔ دوسری جانب جنداللہ گروپ نے انٹرنیٹ پر جاری بیان میں واقعہ کو سیستان کے شہریوں کے قتل کا ردعمل قرار دیا ہے۔ بیان کے مطابق خودکش حملہ عبدالواحد محمدی سروانی نے کیا جس کا تعلق پاکستانی علاقے سراوان سے تھا۔
Bookmarks