اسلامک یونیورسٹی میں 2 خودکش حملے،8 جاں بحق
اسلام آباد میں اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی میں دو خودکش حملوں میں 8 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی میں پہلا خودکش دھماکا لڑکیوں کے کیمپس کے کیفے ٹیریا جبکہ دوسرا لڑکوں کے شریعہ بلاک میں ہوا۔ خودکش دھماکے سے 4 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے ، زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویش ناک ہے۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کیاگیا، زخمیوں میں زیادہ تعداد طالبات کی ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کو گیٹ پر روکنے کی کوشش کی گئی مگر وہ دھکا دے کر اندر چلا گیا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے ایک مشتبہ شخص کو جائے وقوعہ سے حراست میں لے لیا ہے۔ زیر حراست شخص کو حملہ آور کا ساتھی بتایا جا رہاہے ۔ زخمیوں میں ثمرا بشیر، نجمہ ادریس، محمد ادریس، نادیہ، عائشہ امبرین، عائشہ بشیر شہلا، ارم سعید، وردا الیاس، ماہین، عاصمہ بشیر، شوکت علی، محمد حفیظ اور ادریس احمد شامل ہیں۔
Bookmarks