یہ لفظ گھریلو استعمال کی عام چیز یعنی گرد کش کے لئے عام استعمال ہونے والی اصطلاح ویکیُوم کلنینر میں اکثر سننے میں آتا ہے۔ برقی جھاڑو کا یہ نام کیسے رکھا گیا، سنئے:
اس لفظ کا اصل مطلب ہے خلا، یعنی مادی اشیا سے مبرا کوئی جگہ۔ حیرت کی بات ہے کہ اس قدر شور مچانے والی مشین کا نام ایسا خاموش کیوں ہے۔ ویکیوُم سے مراد تو سناٹا ہونی چاہئے۔
بات یہ ہے کہ اس مشین کے اندر ایک ایسا پمپ لگا تے ہیں جو ذرا سا خلا اس مقصد کے لئے پیدا کردیتا ہے کہ گرد و غبار اس میں کھنچے چلے آئیں۔ ظاہر ہے فرش یا قالین سے گرد کھینچی جائے تو اسے وصول کرنے کے لئے جگہ تو چاہئیے ورنہ تو وہ پھر سے باہر آ جائے گی۔ یعنی صفائی کرنے والے کے چہرے پہ پھیل جائے گی۔ تو بس اسی خلا کے باعث اس کا نام ویکیوُم کلینر رکھا گیا۔
اس کی ایجاد سے پیشتر کرسیوں وغیرہ سے گرد، اڑا کر دور کی جاتی تھی، جس سے فرنیچر تو صاف ہو جاتا مگر گرد زمین پر پھیل جاتی اور اسے پھر سے صاف کرنا پڑتا۔ چنانچہ ایک برطانوی موجد ہربرٹ سیسل بوُتھ نے گرد آلود کرسی پر رومال رکھ کر اپنے منہ سے گرد کھینچنے کی کوشش کی تو گرد رومال کی دوسری طرف جمع ہوگئی۔ بیسویں صدی کے اوائل میں اس کامیاب تجربے کے بعد اس نے صفائی کی ایسی مشین ایجاد کی جس کی جدید ترین شکل ہم آج گھروں اور دفتروں میں دیکھتے ہیں اگرچہ اس کی ابتدائی شکلیں پندھرویں صدی سے چلی آرہی ہیں۔
Bookmarks