بغداد : عراق کے صوبہ انبار میں دو خودکش حملوں اور چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقع میں گورنرقاسم محمد سمیت 28 افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق شہر رمادی میں دو خودکش حملوں میں صوبہ انبار کے گورنر، رکن صوبائی کونسل اور ڈپٹی پولیس کمانڈر سمیت 23 افراد ہلاک جبکہ چالیس کے قریب زخمی ہوگئے ۔ مقامی ٹیلی ویژن کے مطابق خودکش حملے صوبائی حکومت کے ہیڈ کوارٹر کے قریب ہوئے ۔پولیس نے علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کرکے سخت چیکنگ شروع کردی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر عراقی سیکورٹی فورسز کے اہلکار زخمیوں میں شامل ہیں۔بیشتر زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔ دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں مشادا کی چیک پوسٹ پر نامعلوم حملہ آوروں نے القاعدہ مخالف تحریک کے چار ارکان کوفائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔عراقی وزارت داخلہ کے مطابق مسلح لوگوں نے مشاداچیک پوسٹ میں داخل ہو کر سہوا تحریک کے ارکان پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں چاروں ارکان ہلاک ہوگئے، واردات کے بعد مسلح دہشت گرد موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
Bookmarks