لندن…سینٹرل مانیٹرنگ…برطانیہ سے تعلق رکھنے والا ایک باشندہ آنکھوں میں حادثاتی طور پر تیزاب پڑنے سے بینائی سے مکمل طور پر محروم ہوگیا تھا، لیکن ایک نئے طریقہ کار کی ایجاد سے اب اس کی بینائی مکمل طور پر بحال ہوگئی ہے۔ برطانیہ کی ایک مشہورسائنسی لیبارٹری نے ایساعلاج ایجاد کیا ہے جس کے تحت آنکھوں کے خراب خلیوں کو نئے خام خلیوں سے تبدیل کرکے بینائی مکمل طور پر واپس حاصل کی جاسکتی ہے۔اس علاج میں آنکھ کے قرنیہِ چشم پر آئی جھلّی کو صاف کرنے کے لیے آنکھ کو ایک ملی میٹرکاٹ کر اس میں سے خام خلیے حاصل کیے جاتے ہیں۔ حاصل کیے گئے نا پختہ اور خام خلیوں کو لیبارٹری میں400 فی صد مزید نشوونما پانے کے بعد خراب بینائی والی آنکھ کے خراب خلیوں پر سِی دیا جاتا ہے، جس سے آنکھ کے قرنیے پر آئی جھلّی جڑ سے ختم ہوجاتی ہے۔اس نئے طریقہ ِعلاج کے ذریعے بینائی سے محروم اور دھندلی یا جزوی بصارت کے حامل افراد نہایت مستفیذ ہو پائیں گے۔