ہوبارٹ سڈنی ٹیسٹ میں بیٹنگ لائن کی خراب کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے قومی سلیکشن کمیٹی نے اسٹار بیٹسمین یونس خان کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مصباح الحق کی ٹیم میں جگہ ناممکن ہے ۔ آل راؤنڈر فواد عالم جنہیں سڈنی ٹیسٹ کے دوران عبدالرؤف کے ہمراہ وطن واپس بھیج دیا گیا تھا کو دوبارہ آسٹریلیا طلب کرکے ون ڈے ٹیم میں جگہ دی جائے گی۔ کامران اکمل پر دباؤ برقرار رکھنے کے لئے سرفراز احمد ون ڈے سیریز کے دوران ٹیم میں شامل ہوں گے۔ عبدالرزاق اور سہیل تنویر ان فٹ ہونے کی وجہ سے ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔ باخبر ذرائع کے مطابق سلیکٹرز نے کپتان محمد یوسف اور کوچ انتخاب عالم سے مشاورت کے بعد ون ڈے ٹیم کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اوپنر خرم منظور، بیٹسمین مصباح الحق، فیصل اقبال، دانش کنیریا اور محمد سمیع کو وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔ ان کی جگہ اوپنر خالد لطیف، شاہد خان آفریدی، یونس خان، رانا نوید الحسن اور راؤ افتخار انجم کو ملے گی۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ محمد یوسف (کپتان) کامران اکمل(نائب کپتان)، شعیب ملک، شاہد آفریدی، عمر اکمل ، سلمان بٹ، عمران فرحت، عمر گل، یونس خان، سرفراز احمد، محمد عامر، سعید اجمل، خالد لطیف، فواد عالم، محمد آصف اور راؤ افتخار۔
Bookmarks