راولپنڈی…چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید کی زیر صدارت جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے اجلاس میں ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز اور اس سے نبرد آزما ہونے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس راولپنڈی میں کمیٹی کے چیرمین جنرل طارق مجید کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں پاک آرمی کے سربراہ جنرل اشفاق پرویزکیانی،پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل راؤ قمر سلیمان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نعمان بشیر ، ڈی جی آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا، ڈی جی اسٹریٹجک پلانز ڈویژنز،ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ اسٹاف،سیکرٹری دفاع اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خطے میں سیکورٹی کی صورت حال ، امریکاکی نئی افغان پالیسی ، مغربی سرحد پر بڑھتی ہوئی غیر مستحکم صورتحال اور پاک بھارت مشرقی سرحد کی صورت حال پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں مسلح افواج کے ترقیاتی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں قبائلی علاقوں میں جاری فوجی آپریشن اور کلیئر ہونے والے علاقوں میں بحالی اور نقل مکانی کرنے والے متاثرین کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمیٹی نے مسلح افواج کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
Bookmarks