کراچی…کراچی کسٹم انٹیلی جنس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے کروڑوں روپے مالیت کی جعلی کاغذات کی حامل درآمدشدہ گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔ ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس محمدزاہد کھوکھر کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر بیرون ملک سے لائی گئیں اور جعلی کاغذات پر چلنے والی گاڑیوں کو تحویل میں لے لیاگیاہے ۔ان میں مہنگی ترین لینڈ کروزر ،کرولا اور مرسیڈیزبھی شامل ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ مالکان نے کسٹم ڈیوٹی بچانے کے لیے ان گاڑیوں کے جعلی کاغذات بنوالئے ہیں ۔ حکام کے مطابق ان گاڑیوں کی کسٹم ڈیوٹی لاکھوں روپے جبکہ مالیت کروڑو ں روپے میں بتائی جاتی ہے ۔ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس کا کہنا تھاکہ انکی ٹیم نے پورٹ قاسم سے چین سے درآمد کئے گئے 20لاکھ روپے سے زائد کے کھلونے اور ماڑی پور روڈ سے اتنی ہی مالیت کے موٹر سائیکل کے اسپئر پارٹس بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔
Bookmarks