آئس لینڈ:آتش فشاں کی راکھ یورپ میں پھیل گئی
بیشتر ممالک کی فضائی سروس معطل
آئس لینڈ میں گلیشیئرکے اندر آتش فشاں پھٹنے سے دھوئیں سے فضاء آلودہ ہوگئی، یورپ بھر میں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ برطانیہ نے کل شام تک تمام ائیر پورٹس بند کردئیے۔ برطانیہ ، شمالی آئرلینڈ، ناروے بیلجیم اور سوئیڈن میں کئی ہوائی اڈے بند اور سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔آئس لینڈ کے آتش فشاں پہاڑ کی راکھ کے بادل یورپ کی فضائی حدود میں پھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے فضائی سفر مشکل ہوگیا ہے۔ برطانوی حکام نے اعلان کیا ہے کہ لندن کے تمام ہوائی اڈوں سے جانے اور آنے والی تمام پروازیں مقامی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے سے معطل کردی جائیں گی ۔ برٹش ائر ویز نے پہلے اپنی تمام ڈومیسٹک فلائٹس معطل کردی ہیں ۔برمنگھم اور لیڈز کے ہوائی اڈوں نے بھی اپنی زیادہ تر پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ نیوکیسل ایئرپورٹ بند کردیا گیا ہے ۔ اسکاٹ لینڈ میں ایبرڈین ، ایڈن برا ، گلاسگو اور بلفاسٹ ایئر پورٹس بند کر دیئے گئے ۔ شمالی سوئیڈن اور ناروے میں اوسلو ایئرپورٹ پر آنے اور جانیوالی تمام پروازیں بھی معطل کردی گئی ہیں۔ پاکستان سے یورپ اور امریکا جانے والی پی آئی اے کی پروازیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔ برطانیہ کے مانچسٹر، برمنگھم، شمالی آئرلینڈ کے بیلفاسٹ، اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو، ایڈنبرگ اور ایبر ڈین ہوائی اڈے پر پہلے فضائی سروس آج شام تک ملتوی کی گئی لیکن صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد فضائی سروس کل تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
فرانس، ناروے ، ڈنمارک اور دیگر ملکوں نے بھی پروازیں منسوخ کی ہیں۔ مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درست معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی سفر کریں۔ آتش فشاں پھٹنے کے بعد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔ آتش فشاں برف کی دو سو میٹر تہہ میں موجود ہے۔آئس لینڈ کی سول ڈیفنس اتھارٹی نے دریا کی سطح چوراسی میٹر بلند ہونے کے باعث سات سو افراد کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ آتش فشاں اس سے قبل پانچ بار لاوا اگل چکا ہے جبکہ آئس لینڈ سے دیگر ممالک کو جانے والی ہوائی پروازوں کو بھی منسوخ کر دیاگیا ہے۔
Bookmarks