السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے،جس میں زندگی کے ہر پہلو کے بارے میں ہدایات ملتی ہیں۔اگر انسان زندگی کے ہر شعبہ میں اسلام کی بتائی ہو ئی ہدایات کے مطابق عمل کرے تو وہ کبھی ناکام نہیں ہوگا۔
اسلام کے بتائے ہوئے شعبوں میں سے ایک شعبہ
’’آداب‘‘کا ہے۔اسی لئے علمائ نے آداب پر باقاعدہ کتب لکھی ہیں۔انہی کتابوں میں سے ایک کتاب ماضی قریب کے مشہور عالم
’’شیخ عبد الفتاح ابو غدہ رحمہ اللہ‘‘نے
’’من ادب الاسلام‘‘کے نام سے عربی میں لکھی ہے۔یہ کتاب چونکہ موجودہ دور کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے لکھی گئی ہے اس لئے اس میں بہت سے ایسے آداب موجود ہیں جو آج ہم چھوڑ چکے ہیں۔اس کتاب کی افادیت کو دیکھتے ہوئے
حضرت مولانا ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندر مدظلہ نے اس کا اردو زبان میں
’’اسلامی آداب‘‘کے نام سے ترجمہ کیا ہے جو دار القلم کراچی نے شائع کیا ہے۔
اس کتاب کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے تمام آداب احادیث نبویہ سے اخذ کئے گئے ہیں اور جن احادیث سے اخذ کئے گئے ہیں وہ احادیث حسن اور صحیح کے درجہ کی ہیں۔اس کے علاوہ دلچسپ واقعات اور اقوال بھی ذکر کئے گئے ہیں جن سے کتاب کے حسن میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
کتاب میں کل پینتیس(35)آداب بیان کئے گئے ہیں۔اگر ہم ایک ادب پڑھ کر کم از کم اس پر ایک ہفتہ تک عمل کریں تو ہم خود اپنی زندگی میں آسانی اور سہولت محسوس کریں گے۔
آداب کی اسلام میں اتنی اہمیت ہے کہ تمام بڑے علمائ اسلام نے پہلے آداب سیکھے اور پھر علم حاصل کرنا شروع کیا۔حضرت امام مالک رحمہ اللہ کے مشہور شاگرد حضرت عبدالرحمن بن مہدی رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ:’’میں امام مالک کے پاس بیس سال رہا ان میں سے اٹھارہ سال میں نے ان سے ادب سیکھا اور دو سال علم حاصل کیا،کاش میں یہ دو سال بھی ان سے ادب ہی سیکھتا۔‘‘
آداب کے بارے میں علامہ ابن القیم رحمہ اللہ نے ایسی بات فرمائی ہے جو آب زر سے لکھنے جانے کے قابل ہے،فرماتے ہیں:
’’جس کو آداب پر عمل کرتا ہوا دیکھو جان لو کہ یہ سعید ہے اور جس کو بے ادب دیکھو جان لو کہ یہ شقی ہے۔‘‘اسی بات کو ہمارے اردو کے محاورے میں یوں کہا جاتا ہے کہ
’’با ادب با نصیب بے ادب بے نصیب‘‘۔اگر آپ اپنے ارد گرد موجود لوگوں کا جائزہ لیں تو آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ جو لوگ آداب کی رعایت رکھتے ہیں وہ کامیاب ہیں اور جو نہیں رکھتے وہ ناکام ہیں۔آزمائش شرط ہے۔
تو اگر آپ آداب سیکھ کر کامیاب زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو یہاں سے کتاب ڈائنلوڈ کیجئے۔اور راقم کے لئے دعا کیجئے کہ اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت میں عافیت عطا فرمائے۔
ہے۔kb965 کتاب کا سائز
آخری عرض یہ ہے کہ تمام حضرات جو آداب سیکھنے کے خواہش مند ہیں اپنے ارادے کا اظہار ضرور فرمائیں تاکہ پتہ چلے کہ آپ میں سے کتنے بھائی’’کامیاب زندگی‘‘ گزارنا چاہتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اسلامی آداب سیکھنے اور ان پر عمل کرنے کی تو فیق عطا فرمائے۔آمین
Bookmarks