حضرت سرکار شیخ عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ
نام ۔ ۔ ۔ عبدالقادر
کنیت ۔ ۔ ۔ ابو محمد
لقب ۔ ۔ ۔ محی الدین
ولادت ۔ ۔ ۔ 470ھ جیلان میں
وصال ۔ ۔ ۔ 11ربیع الآخر 561ھ یا 17ربیع الآخر ہے
مدفن ۔ ۔ ۔ بغداد مقدس
سلطان ولایت، سیدالافراد، حضور غوث پاک رضی اللہ تعالٰی عنہ کی ذات گرامی اور ان کی باعظمت شخصیت کا تذکرہ کبھی تعارف کیلئے ہوتا ہے اور کبھی حصول سعادت کے پیش نظر۔ ظاہر ہے کہ اس پروانہء شمع نور نبوت کی وہ عالمگیر ضیا باریاں جن سے عالم اسلامی کی روحانی بارگاہیں آج بھی منور ہیں کسی تعارف کی محتاج نہیں۔
اولیاءکرام تو بہت ہوئے اور قیامت تک ہوتے رہیں گے لیکن یہ بات شک سے بالاتر ہے کہ کشف و کرامات اور مجاہدات و تصرفات کی بعض خصوصیات کے لحاظ سے سرکار غوث اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ کو اولیاء کی جماعت میں ایک خصوصی امتیاز حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اولیاء متقدمین میں سے بہت سے باکمال اور بڑے بڑے صاحبان کشف و کرامت بزرگوں نے آپ کے ظہور کی بشارتیں دی ہیں اور اولیاء متاخرین میں سے ہر ایک آپ کی مقدس دعوت کا نقیب رہا ہے۔
علماء سلف و خلف نے آپ کے بلند درجات اور تصرفات و کرامات کے بارے میں اس قدر کتابیں تحریر فرمائیں کہ شاید ہی کسی دوسرے ولی کے بارے میں مستند تحریروں کا بڑا ذخیرہ موجود ہو۔ آپ کی ولایت اس قدر مشہور اور مسلم الثبوت ہے کہ آپ کے “غوث اعظم“ ہونے پر تمام امت کا اتفاق ہے۔
نسبی شرافت اور خاندانی وجاہت کے علاوہ علمی جلالت، علمی عظمت، کمال ولایت، کثرت کرامت، جامعیت آپ کی یہ وہ خالص خصوصیات ہیں جو بہت کم اولیاء کرام کو حاصل ہوئیں۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کی شہرت کے آفتاب کو کبھی گہن نہیں لگا بلکہ ہمیشہ آپ کی عظمتوں اور کرامتوں کا ڈنکا چار دانگ عالم میں بجتا ہی رہا اور آج بھی آپ کی عظمتوں اور کرامتوں کا آفتاب پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے اور انشاءاللہ تعالٰی قیامت تک چمکتا ہی رہے گا۔ مجدد ماتہ ماضیہ امام احمد رضا رضی اللہ تعالٰی عنہ نے فرمایا۔
سورج اگلوں کے چمکتے تھے چمک کر ڈوبے
افق نور پہ ہے مہر ہمیشہ تیرا
نسب نامہ پدری
سیدعبدالقادر ابن ابوصالح موسٰی جنگی دوست ابن عبداللہ بن یحیٰی، الزاہد بن محمد بن داؤد بن موسٰی ثانی بن عبداللہ ثانی بن موسٰی الجون بن عبداللہ المحض بن حسن المثنٰی بن حسن بن علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ و رضی اللہ تعالٰی عنہم اجمعین۔
نسب نامہ مادری
ام الخیرامۃ الجبار فاطمہ بنت سید عبداللہ صومعی ابن ابوجمال الدین سید محمد ابن سید محمود بن طاہر ابن امام ابو العطاء سید عبداللہ ابن امام سید کمال الدین عیسٰی ابن امام ابو علاءالدین محمد الجواد ابن امام علی رضا ابن امام موسٰی کاظم ابن امام جعفر صادق ابن امام محمد الباقر ابن امام زین العابدین ابن ابوعبداللہ الحسین ابن امام علی ابن ابی طالب کرم اللہ وجہہ و رضی اللہ تعالٰی عنہم اجمعین۔
ننانوے اسماء
(1) قطب الذی لاقطب الاھو (2) عبدالقادر (3) سید (4) مؤید (5) کریم (6) عظیم (7) شریف ( 8 ) ظریف (9) امام (10) ھمام (11) سالک (12) ناسک (13) مومن (14)مؤقن (15) منعم (16) مکرم (17) طبیب ( 18 ) طیب (19) مطیب (20) جواد (21) منقاد (22) قائم (23) صائم (24) عابد (25) زاہد (26) ساجد (27) واجد ( 28 ) جیلی (29) حنبلی (30) تقی (31) نقی (32) کامل (33) باذل (34) زکی (35) صفی (36) جمیل (37) جلیل ( 38 ) ماص (39) مناص (40) سعید (41) رشید (42) سخی (43) وفی (44) بارس (45) نقیب (46) بخیب (47) خاضع ( 48 ) فاشع (49) صاحب (50) ثاقب (51) وارث (52) حارث (53) وارع (54) بارع (55) فائق (56) لائق (57) راسخ ( 58 ) شامخ (59) ولی (60) خفی (61) ظاہر (62) طاہر (63) مطیع (64) منیع (65) لبیب (66) حبیب (67) شاہد ( 68 ) راشد (69) زائد (70) قائد (71) بصیر (72) منیر (73) سراج (74) تاج (75) قائم (76) فاتح (77) مقرب ( 78 ) مہذب (79) خلیل ( 80 ) دلیل ( 81 ) صادق ( 82 ) حاذق ( 83 ) سلطان ( 84 ) برہان ( 85 ) حسنی ( 86 ) حسینی ( 87 ) عالم ( 88 ) حاکم ( 89 ) معین (90) مبین (91) مصباح (92) مفتاح (93) شاکر (94) ذاکر (95) ملاذ (96) معاذ (97) صالح ( 98 ) ناصح (99) فالح واضح۔
حلیہ
جسم نحیف قد متوسط، رنگ گندمی، آواز بلند، سینہ کشادہ، ڈارھی لمبی چوڑی، چہرہ خوبصورت، سربڑا، بھوئیں ملی ہوئیں۔
Bookmarks