کراچی ایئرپورٹ سے مشتبہ شخص گرفتار
جوتوں میں سرکٹ کی موجودگی پر گرفتاری
کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے سیکیورٹی کے پیش نظر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق گرفتار کئے گئے شخص کے جوتوں میں الیکٹرک سرکٹ نصب تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ہوائی اڈے سے اتوار کے روز مسقط جانے والا یہ تیس سالہ شخص محمد فیض ایک سول انجنئیر ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ملزم پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھتا ہے ۔ محمد فیص تھائی ائیر ویز کے ذریعے مسقط جا رہا تھا۔ کراچی ائیر پورٹ سیکیورٹی حکام کے ترجمان محمد منیر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ملزم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب سیکیورٹی الارم کی وجہ سے اس کے جوتوں میں نصب ایک خفیہ سرکٹ کا پتہ چلا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق اس شخص سے کوئی بھی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا تاہم جوتوں میں اس طرح سرکٹ نصب ہونا ایک تشویش کی بات معلوم ہو رہی ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزم مسقط جانے والی پرواز میں سوار ہورہا تھا کہ سیکیورٹی الارم بجنے کی وجہ سے اس کی تلاشی لی گئی اور اس کے جوتوں سے ایک سرکٹ برآمد ہوا۔ ایئر پورٹ ترجمان محمد منیر نے خبر رساں ادارے کو مزید بتایا کہ انہوں نے اس کے جوتوں سے کوئی چار بیٹریاں برآمد کر لی ہیں، جس کے ساتھ ہی اسے چلانے اور بند کرنے کا ایک بٹن بھی نصب ہے ۔ ملزم محمد فیص نے خبر رساں اداروں کو بتایا ہے کہ وہ کراچی میں رہتا ہے اور مسقط جا رہا تھا جہاں وہ پہلے ایک تعمیراتی کمپنی میں کام کرتا تھا۔ ملزم کے گھر والوں نے پاکستانی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ سرکٹ والے جوتے دراصل مساج کے لئے ہیں اور فیض کئی مرتبہ انہی جوتوں کے ساتھ مسقط جا اور آ چکا ہے۔
Bookmarks