جھنگ میں مڈنائٹ آپریشن - اعظم طارق کا گھر اور متصل مدرسہ سربمہر
Friday, 09 July 2010 13:01
جھنگ (این این آئی) سانحہ داتا دربار کے بعد گزشتہ شب جھنگ پولیس نے مڈنائٹ آپریشن کر کے شہر بھر میں کالعدم سپاہ صحابہ کے پرچم اتار دیئے اور تنظیم کے مرکزی دفتر جامع مسجد حق نواز کا گھیرائو کر کے مولانا اعظم طارق مرحوم کے گھر اور اُس سے متصل مدرسے کو سربمہر کر دیا۔ مولانا اعظم طارق کے صاحبزادے مولانا معاویہ اعظم نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارا دہشت گردی یا کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم خود دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں، میرے والد اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں جاتے ہوئے قتل کئے گئے، اس کے علاوہ ہمارے سینکڑوں کارکن اور قائدین بھی دہشت گردی کا شکار ہوئے۔ انہوں نے فوری طور پر گھر اور مدرسے کو کھولنے اور داتا دربار پر ہونے والی دہشت گردی کی اعلیٰ جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے کالعدم جماعتوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران دریا خان سے مبینہ طور پر چھاپے مار کر 3 ارکان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
Bookmarks