چارسدہ: لڑکیوں کا پرائمری سکول دھماکے سے تباہ
ایک اور سکول تباہ۔ پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خواہ کے ضلع چارسدہ میں دہشت گردوں نے لڑکیوں کے ایک پرائمری سکول کو بارودی مواد سے تباہ کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مسلح افراد نے ضلع چارسدہ کے علاقے شب قدر میں لڑکیوں کے ایک پرائمری سکول کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
شب قدر پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر امیر حسین نے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کو بتایا کہ مسلح افراد نے سکول کی عمارت میں تین کلو بارودی مواد ایک پریشر ککر میں نصب کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سکول کی عمارت دو حصوں پر مشتمل ہے جس میں ایک حصے میں تمام کمرے تباہ ہوگئے ہیں جبکہ دوسرے حصے میں عمارت کو جزوی طورپر نقصان پہنچا ہے۔
ان کے مطابق عمارت اب استعمال کے قابل نہیں رہی ہے۔
Bookmarks