ورلڈ کپ 2011: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 110 رنز سے شکست دے دی
ورلڈ کپ گروپ اے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 110 رنز سے شکست دے دی۔ ٹم ساؤتھی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 302 رنز بنائے اور اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ عمر گل نے تین کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
پالی کیلے میں جاری میچ میں نیوزی لینڈ کے 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ عبدالرزاق، عمر گل اور مصباح الحق کے علاوہ پاکستان کا کوئی بھی بلے باز زیادہ مزاحمت نہ کر سکا اور پوری ٹیم 192 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
محمد حفیظ 5، کامران اکمل 8 اور مصباح الحق 7 رنز بنا کر ساؤتھی کا شکار ہوئے جبکہ احمد شہزاد 10 اور یونس خان صفر رنز پر کائل ملز کے ہاتھوں آؤٹ ہو کر پویلین واپس جا بیٹھے۔ شاہد آفریدی کو 17 رنز پر جیکب اورم نے بولڈ کیا۔ عمر اکمل 38 اور عبدالرحمٰن ایک رنز بنا سکے، دونوں کو ناتھن میکلم نے آؤٹ کیا۔ عبدالرزاق اور عمر گل نے 66 رنز کی شاندار پارٹنر شپ کرتے ہوئے اسکور 191 تک پہنچا دیا۔ عبدالرزاق 62 جبکہ شعیب اختر صفر رنز پر سکاٹ سٹائرس کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ عمر گل نے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینئل ویٹوری نے ٹٓاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ کو پہلی وکٹ کا نقصان پہلے ہی اوور میں اٹھانا پڑا جب شعیب اختر نے برینڈن میکولم کو 6 رنز پر بولڈ کیا، کیوی ٹیم کو دوسرا نقصان 55 کے ٹوٹل پر ہوا جب عمر گل نے جیمی ہاؤ کو ایل بی ڈبلو آؤٹ کیا۔ مارٹن گپٹیل نے چھے چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر شاہد آفریدی کا شکار بنے جبکہ جیمز فرینکلن کو محمد حفیظ نے ایک کے سکور پر پویلین کا راستہ دکھا دیا۔ روس ٹیلر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سکاٹ سٹائرس 28 جبکہ ناتھن میکلم 19 رنز بنا کر عمر گل کا شکار بن گئے۔ جیکب اورم 25 رنز بنا کر عبدالرحمٰن کی گیند پر عمر گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، سعید اجمل کی جگہ عبدالرحمٰن جبکہ وہاب ریاض کی جگہ شعیب اکٹر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ کیوی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، جیسی رائیڈر کی جگہ جیکب اورم کیوی ٹیم کا حصہ بنے۔
Bookmarks