ہاکی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان سیمی فائنل سے باہر


سپین نے پاکستان کو 4-2 ،آسٹریلیا نے برطانیہ کو 4-1 ،ہالینڈ نے جرمنی کو 3-2 اورنیوزی لینڈ نے کوریا کو6-1 سے شکست دیدی۔

چیمپینز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں سپین نے قومی ہاکی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دیکر ٹورنا منٹ سے باہر کر دیا ۔ آکلینڈ میں جاری ایونٹ میں پاکستان کی ٹیم ابتدا میں کافی پرجوش دکھائی دی جب اسپین کی جانب سے تیسرے منٹ میں کیا جانے والا گول شکیل عباسی نے نویں منٹ میں برابر کر دیا۔ فاﺅل پلے کے باعث اسپین کے راک اولیوا اور پاکستان کے محمد وسیم کو یلو کارڈ دکھا کر ریفری نے میدان سے باہر بھیج دیا تو اسی دوران اسپین نے دوسرا گول کر دیا۔ ایک گول کے خسارے کے ساتھ دوسرا ہاف شروع ہوا تو پاکستان کی جانب سے بیالیسویں منٹ میں سہیل عباس نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ ایک مرتبہ پھر برابر کر دیا لیکن اسپینش ٹیم نے دباﺅ بڑھاتے ہوئے دو مزید گول کر کے چار دو سے کامیابی کے ساتھ پاکستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات کو ختم کر ڈالا۔ قومی ٹیم اپنا تیسرا میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔