بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ ستمبر میں ہونے والے چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ کو پاکستان سے سری لنکا منتقل کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگٹ نے کہا ہے کہ ’ آئی سی سی اپنے مقابلوں کے دوران کسی فرد کے سکیورٹی معاملات پر سمجھوتہ نہیں کر سکتی‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’اگر کسی ملک میں کھیلنا مناسب نہیں رہتا تو ہم ایسا نہیں کریں گے‘۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان پیٹر ینگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلوی ٹیم کی شرکت کا فیصلہ دو ہفتے میں ہوگا۔ اس وقت سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین کریگ اکونر نے کہا ہے کہ اگرآسٹریلین ٹیم کے کھلاڑی کسی معقول وجہ سے پاکستان کا دورہ کرنے پر راضی نہیں ہونگے تو انہیں پاکستان جانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ بھی تقریباً چھ ہفتے قبل یہ کہہ چکا ہے کہ سیکورٹی وجوہ کی بنا پر دورہ پاکستان سے انکار پر کسی کھلاڑی کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان میں حال ہی میں کامیابی سے ایشیا کپ منعقد ہوا ہے تاہم چیمپئنز ٹرافی سنہ 1996 کے ورلڈ کپ کے بعد وہ پہلا بڑا بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہے جو پاکستان میں منعقد ہونا ہے۔