کراچی/پشاور/لاہور/کوئٹہ…خیبرپختونخوا،بلوچستان ، اورپنجاب میں ملالہ کی صحت یابی کیلئے آج یوم دعامنایاجارہاہے جبکہ سندھ میں ہفتے کے روزیوم دعامنایاجائے گا۔خیبرپختونخواحکومت نے آج سرکاری سطح پر ملالہ یوسف زئی کے ساتھ اظہاریکجہتی کافیصلہ کیا ہے۔صوبائی وزیراطلاعات میاں افتخارحسین نے پشاورمیں میڈیاسے گفتگومیں کہاکہ آج دوپہر بارہ بجے صوبے کے سرکاری دفاترمیں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی جائیگی۔ جبکہ محکمہ اوقاف کی مساجد میں علمائے کرام کو ملالہ کے لیے دعائے صحت اوردہشت گردوں کی مذمت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کے لیے قوم سے آج یوم دعا منانے کی اپیل کی ہے۔لاہور سے جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پورے صوبے کے سرکاری دفاتر ،تعلیمی اداروں، مسلم لیگ ن کے دفاتر،مساجد اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں میں امن ایوارڈیافتہ طالبہ ملالہ کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے ملالہ یوسف زئی کے کامیاب آپریشن پر آج صوبے میں یوم تشکرمنانے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت بلوچستان کی جانب سے ملالہ کے علاج معالجے کے تمام اخراجات برداشت کرنے کی پیشکش کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ملالہ کی جلد اور مکمل صحتیابی کیلئے آج صوبے کے تمام اسکولوں اور مساجد میں خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ کل ہفتے کے روز صوبے کے تمام اسکولوں میں یوم دعا منایا جائیگا۔ اس موقع پرعلم کی شمع اور عزم کا نشان ملالہ یوسف زئی کی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں۔انھوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ پاکستان کی علامت اورجہالت کے خلاف علم بلند کرنے والی قوم کی بیٹی کی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں۔
Source Geo NEWS/Urdu