پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کل ڈربن کے مقام پر مدمقابل ہونگی۔ ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی شرمناک شکست کے بعد فائنل الیون میں شاہد آفریدی ، شعیب ملک ، وہاب ریاض اور کامران اکمل کی شمولیت کا امکان ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اس سے قبل 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں، 3 میچز میں جنوبی افریقی ٹیم کامیاب رہی، جبکہ تین میچ پاکستان کے نام رہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ گزشتہ سال ستمبر میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے 2 وکٹ سے فتح حاصل کی تھی، جنوبی افریقی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا گیا ہے جس میں میزبان ٹیم 10 وکٹ سے کامیاب ہوئی تھی۔