الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 11 مئی 2013ء کو انتخابات کے روز ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنوں پر موبائل فون لانے سے روک دیا ہے۔

ای سی پی نے کہا کہ ووٹرز کی جانب سے اپنے بیلٹ پیپرز کی تصویریں لینے کے اس کے پاس کافی ثبوت موجود ہیں تاکہ وہ مخصوص امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ دینے کو بطور شہادت پیش کر سکتے ہیں اور اس کے جواب میں اپنی مٹھیاں گرم کر سکیں۔ کمیشن نے کہا کہ انتخابات کے روز موبائل فون پر پابندی ووٹرز کو رشوتیں دینے کے ایسے امکانات کا خاتمہ کر دے گی۔

ای سی پی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر پریزائیڈنگ آفیسر ووٹر سے پوچھے گا کہ کیا اس کے پاس موبائل فون ہے۔ جواب اثبات میں ہونے کی صورت میں پریزائیڈنگ آفیسر ووٹر کو موبائل فون میز پر رکھنے کا حکم دے گا اور اسی صورت میں ووٹر کو بیلٹ پیپر جاری ہوگا، جو پردے کے پیچھے اس پر مہر لگانے کے بعد لپیٹ کر بیلٹ بکس میں ڈال دے گا اور اسی صورت میں اسے موبائل فون ملے گا۔