ڈیرہ اسماعیل خان کے 12سالہ طالبعلم کا کمپیوٹرکے میدان میں چوتھاریکارڈ


ڈیرہ اسماعیل خان…ڈیرہ اسماعیل خان کے ایک بارہ سالہ طالب علم بابر اقبال نے کمپیوٹر کے میدان میں چوتھا عالمی ریکارڈقائم کیا ہے، جینئس سائبر کڈ کہلانے والا بابر اس سے پہلے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تین عالمی ریکارڈ قائم کرچکا ہے۔بابراقبال نے2 مارچ1997کوہر سمت کمپیوٹر اور مانیٹر نظر آنے والے گھرمیں آنکھ کھولی ۔اس کے دو بڑے بھائی اور بہن بھی آئی ٹی کی دنیا میں کام کر رہے ہیں ۔بابر نے12 سال کی عمر میں دبئی میں ہونیوالے مائیکرو سوفٹ ٹیکنیکل اسپیشلسٹ ڈیولپر کے امتحان میں91 فیصد نمبر لے کر عالمی ریکارڈقائم کیا ہے۔اس سے پہلے اس نے2006 میں صرف نو سال اور ستائیس دن کی عمر میں مائیکرو سرٹیفکیٹ پروفیشنل کے امتحان میں87 فیصد نمبر لے کر عالمی ریکارڈقائم کیا تھا۔اس امتحان میں حصہ لینے والے امیدواروں کی عمریں20 سے35 سال کے لگ بھگ تھیں ۔کم عمری میں عالمی ریکارڈقائم بابرنے آئی ٹی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے دنیا بھر کے ماہرین کو حیران کر دیا۔اس طرح اس نے اپنی ہم وطن ارفعہ کریم رندھاوا کا بھی ریکارڈبھی توڑ دیا۔جنہوں نے یہ ریکارڈ9سال7ماہ کی عمر میں قائم کیا تھا۔

بحوالہ روزنامہ جنگ