السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
ایک افسوس ناک خبر کے ساتھ حاضر ہوئی ہوں
شکار پور: لکھی در میں امام بارگاہ میں دھماکہ

ایکسپریس نیوز کے مطابق شکارپور کے علاقے لکھی در میں امام بارگاہ مولیٰ علی میں دھماکے کے نتیجے 15 افراد جاں بحق جب کہ متعدد بچوں سمیت 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت نماز جمعہ ادا کی جا رہی تھی اور حادثے کے وقت امام بارگاہ میں تقریبا 300 افراد موجود تھے۔ دھماکہ سے امام بارگاہ کی چھت گر گئی دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو سول اسپتال شکار پور اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، شکارپور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے دھماکے کے بعد شکار پور کے اطراف کے علاقے کا محاصرہ کر کے دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کر دی جب کہ امام بارگاہ کو سیل کر دیا گیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے امام بارگاہ کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت جاں بحق و زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس کی رپورٹ طلب کرلی، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، قائد ایم کیو ایم الطاف حسین اور تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جب کہ تحفظ عزاداری کونسل، شیعہ علما کونسل، جعفریہ الائنس اور مجلس وحدت المسلمین نے دھماکے کے خلاف 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
Express News: Dated 30-01-2015 Nwes Time 2:16PM