لندن: اگر آپ اپنے اسمارٹ فون پر زیادہ وقت صرف کرتے ہیں تو طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ ڈپریشن میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔ جرنل آف میڈیکل انٹرنیٹ ریسرچ میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکی طبی ماہرین نے اس پر تحقیق کی کہ اسمارٹ فون پر زیادہ وقت صرف کرنے سے فون استعمال کرنے والے کی صحت اور مزاج کے متعلق کیا معلوم ہوسکتا ہے۔ یہ جاننے کے لیے ماہرین نے 19 سے 58 سال کی عمر کے 28 افراد کا انتخاب کیا اور ان کے اسمارٹ فون میں مقام کی نشاندہی اور فون کے استعمال کی نگرانی کرنے والے سافٹ ویئر ڈال دیے۔ ساتھ ساتھ ماہرین نے ایک سوال نامہ بھی مرتب کیا جس سے ڈپریشن کی علامات کو جانچا جاسکتا تھا۔ دو ہفتے تک اسمارٹ فون کی نگرانی کے دوران پچاس فی صد افراد میں ڈپریشن کی علامات پائی گئیں۔ ان افراد نے زیادہ وقت اپنے گھروں میں بسر کیا اور زیادہ تر اپنا فون گھروں میں ہی استعمال کیا۔ تجربے سے یہ بات سامنے آئی کہ اسمارٹ فون 87 فی صد درستگی کے ساتھ یہ بتاسکتا ہے کہ فون استعمال کرنے والے میں ڈپریشن کی علامات ہیں یا نہیں۔