لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)نیب نے ٹیوٹا گارڈن ٹاﺅن موٹرزسمیت لاہور کے دیگر ڈیلرز اور سیلز آفیسرز کیخلاف مبینہ دھوکہ دہی سے متعلق تحقیقات کا آغاز کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔ پاک ویلز کے مطابق نیب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈیلرشپ مالکان اور سیلز آفیسر نے مبینہ طور پر صارفین سے گاڑیوں کی ب±کنگ اورفروخت کے عوض وصول کی جانے والی رقوم میں گھپلا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس معاملے کو مد نظر رکھتے ہوئے قارئین نئی گاڑی خریدتے ہوئے ان تمام باتوں کا ضرور خیال رکھیں ۔نئی گاڑی خریدتے ہوئے اس بات کی ضرور تصدیق کرلیں کہ جس شخص کے نام پر رقم ادا کی جارہی ہے وہی اس گاڑی کا حقیقی مالک ہے یا نہیں۔ گاڑی خریدنے کے لیے کبھی بھی نقد رقم ادا نہ کریں کیوں کہ اس سے پیسے وصول کرنے والا باآسانی مکر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی کی بکنگ یا خریداری کے کسی بھی مرحلے میں بغیر اطمینان کیے معمولی رقم بھی آن لائن ٹرانسفر نہ کریں۔
علاوہ ازیں کسی بھی ایسے شخص کو رقم ادا کرنے سے پرہیز کریں جو غیر معمولی جلد بازی یا لالچ دینے کی کوشش کرے۔ بعض اوقات ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ گاڑی فروخت کرنے والا شخص پیسوں کی اشد ضرورت بیان کرتے ہوئے گاڑی متعین قیمت سے کم پر فروخت کرنے کا لالچ دیتا ہے اور یوں سادہ لوح خریدار اس کے جال میں پھنس جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ فروخت کرنے والا اگر 1-2 لاکھ روپے بطور پیشگی رقم آن لائن ادائیگی پر اصرار کرے تو بھی احتیاط سے کام لیں کیوں کہ تمام معاملات کی وضاحت سے قبل دی جانے والی پیش گی رقم وصول کر کے کوئی بھی شخص غائب ہوسکتا ہے۔