Results 1 to 3 of 3

Thread: یہ شام ہے

  1. #1
    i love sahabah's Avatar
    i love sahabah is offline Advance Member
    Last Online
    27th December 2022 @ 08:28 PM
    Join Date
    14 Jul 2008
    Location
    Chakwal
    Posts
    982
    Threads
    499
    Credits
    4,100
    Thanked
    409

    Default یہ شام ہے

    زبیر طیب

    صفوۃ اللہ من الأرض الشام!
    اللہ نے اپنی زمین میں سے شام کو چن رکھا ہے۔ منصبِ نبوت کیلئے بھی، شہادتوں اور صداقتوں کیلئے بھی، فتنوں سے حفاظت کیلئے بھی اور حشر و نشر کیلئے بھی!
    إدریس علیہ السلام کے گزرنے سے لے کر عیسی علیہ السلام کے اٹھائے جانے تک؛ شام تاریخِ خیر و شر کا گواہ رہا ہے۔
    شام کی طرف نبیوں کے باپ إبراہیم اور لوط علیہما السلام کو ہجرت کا حکم دیا گیا اور شام ہی کے دامن میں اسرائیلیوں کو پناہ دی گئی۔
    یعقوب، اسحاق، یوسف اور موسی علیہم السلام روزِ محشر یہیں سے اٹھیں گے، بن باپ کے عیسی علیہ السلام بھی شام میں آئے تھے اور بڑھاپے میں زکریا علیہ السلام نے بیٹے کی بشارت بھی یہیں سنی تھی!
    اردن، فلسطین، لبنان، اور سوریا پر مشتمل یہ ارضِ شام ہمیشہ ہی زرخیز رہی ہے۔ اس لئے بھی کہ اس کو اللہ نے بابرکت بنایا ہے، فرشتے سایہ کئے ہوئے ہیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا فرمائی ہے اور اس لئے بھی کہ اسے شہیدوں کا لہو سیراب کرتا رہا ہے !
    قرآن مجید میں پندرہ سے زائد مقامات پر شام کا ذکر ہے۔ کبھی ''ارضِ مقدس'' کہ کر، کہیں ''مبوأ صدق'' کہ کر، کہیں نیکو کاروں کے ورثے کے طور پر اور بارہا بابرکت زمین کے طور پر!
    یہ شام ہے۔
    اس نے إمام الأنبیاء علیہ السلام کا نبیوں کی امامت کروانے کا حسین منظر بھی دیکھا ہے اور آسمانوں کی طرف بلند ہونے کا بھی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم دارِ باقی کو چلتے ہیں تو ابنی(شام) کی طرف لشکر روانہ کر رہے ہوتے ہیں اور صدیق اکبر رضی اللہ عنہ آخری سانسیں لے رہے ہوتے تو فتحِ اجنادین(شام) کی خوشخبری سنتے ہیں!
    شام کو آج بھی عمر فاروق کی مثالی آمد یاد ہے، یزید بن أبی سفیان کا اپنے لشکر کو 'یقوم ادخلوا الأرض المقدسۃ' کہنا اسے اب بھی نہیں بھولا اور آج تک وہ امیرِ معاویۃ کی شاندار خلافت کی حسرت کرتا ہے!
    یہی شام ہے۔
    اس نے خالد و أبو عبیدۃ کی تلواروں سے سچا پیار کیا ہے، معاذ اور بلال کو اپنے دامن میں سمیٹا ہے اور أبو ہریرۃ و أبو درداء کو سینے سے لگایا ہے! (رضوان اللہ علیہم أجمعین)
    اسے عکرمہ و أبان نے اپنے لہو سے سینچا ہے، زنگی و ایوبی نے اس کی آبیاری کی ہے اور بیبرس و قلاوون نے اس پر پہرہ دیا ہے !
    جی ہاں یہی شام ہے۔
    جس کے فرزندوں نے صدیاں اپنے علم و فضل تلے روند ڈالی ہیں۔ إبن تیمیۃ نے ساتویں، ذہبی نے آٹھویں اور إبن حجر نے نویں صدی پر "علمرانی" کی ہے!
    جس کی کوکھ سے کتبِ رجال کے عظیم سلسلے الکمال للمقدسی، تہذیب الکمال للمزی، تہذیب التہذیب لابن حجر نے جنم لیا ہے !
    جس نے اوزاعی و نووی جیسے ہیرے تراشے ہیں، أبو زرعۃ و إبن عساکر جیسے ستاروں کو عروج بخشا ہے اور خولانی و إبن الصلاح کو پروان چڑھایا ہے!(رحمہم اللہ تعالی)
    یہ ہے شام۔
    متنبی و ابوتمام کو اوزان و بحور بخشنے والا، نحاس و ابن یعیش کو بولنا اسی نے سکھایا ہے۔ کاتبِ مصحفِ مدینۃ طہ عثمان کا وطن بھی یہی ہے!
    مسجد اموی اور مسجد خالد کی عظمتوں کا امین، بیت المقدس اور مسجد دمشق کی رفعتوں کا پاسبان، نزولِ عیسی علیہ السلام اور دجال کی ہلاکت پر موعود۔۔۔ یہ شام ہی تو ہے !
    اس نے امت کے گناہوں کا وبال خود پر سہا ہے۔ یہ تاتاریوں کے سامنے بھی سینہ سپر ہوا ہے اور تیمور لنگ کا مذبح خانہ بھی بنا ہے۔ فرڈینینڈ کے روبرو امت سے ڈھال بھی تھا اور بشار کے ساتھ مسلسل برسرپیکار بھی ہے ۔
    لیکن اب شام میں صبح نہیں ہوتی! ہم کدھر امن ڈھونڈتے ہیں جب شام فساد کی لپیٹ میں ہے۔ فتنوں کو کاہے کو روتے ہیں؛ جب شام کو ہم بھلا چکے۔۔ شام میں انسانوں کے نہیں غیرت و ایمان کے لاشے گرتے ہیں۔
    رد آلود گھروں میں رہنا اتنا آسان تو نہیں ہوا کرتا، کرب و بلا سے تعمیر کیے گئے درو دیوار کو اپنا مسکن بنا لینا اور آنسوؤں اور آہوں سے لدے آنگنوں میں سانس لینا اس قدر سہل تو کبھی نہیں ہوتا، شام کے بچے بھی اپنے بدنوں میں روح رکھتے ہیں، حرص و ہوس کے حاشیہ نشینوں میں گھِری حلب کی بیٹیوں کے جسم پتھر کے تو نہیں بنے ہوئے، ظلم وبریت کے حاشیہ برداروں میں گھرے زخم خوردہ اسیران شام بھی گھاؤ کو محسوس کرتے ہیں، کیمیائی بموں کے باعث معصوم بچوں کے جسم بھی کرلاتے ہوں گے، وہ جو روشنیاں بانٹنے کی تمنا دل میں رکھتے تھے، اجاڑ دیئے گئے۔
    ہم بے بس نہیں بے حس ہیں۔ ہمارے دل شام کے ساتھ نہیں دھڑکتے۔ بلکہ شام دھڑکتا ہے اور باقی اعضاء مفلوج ہیں!
    لیکن ایک بار پھر کہ یہ شام ہے۔
    ستر لاکھ اسلامیوں کے خون پر کھڑی صلیب اور صیہونیت، ہزاروں مسلمانوں کی آہوں پر کھڑی رافضیت کو زوال ہے!
    شام رہنے والا ہے اور ’’صبحیں‘‘مٹ جائیں گی۔ پھرشام ہو گا اور عیسی علیہ السلام … طائفۃ منصورۃ شام میں ہو گا۔
    یہ شام تب بھی ہو گا جب روئے زمین پر اس کے سوا کچھ نہ ہو گا؛ اسی پر محشر سجے گا اور اس روز شام ہر ظالم سے اپنا حساب بے باق کر لے گا !
    لیکن!
    کھنڈر بنے حلب اور بنجر دکھائی دیتے ادلب کو دیکھ کرہمارے اسلام کے نام لیوا سیاستدانوں کی نوک مژگاں پر کوئی ایک آدھ آنسو کلبلایا ہے یا نہیں؟ آئیے! ہم اپنے ضمیرکو بھی پھرولیں کہ شام کے وہ زخمی اور لہو لہان بچے جو اپنے ہی لیرولیربدنوں کو دیکھ کر سہمے بیٹھے ہیں ان بچوں کی محبتوں پر مشتمل کوئی جذبہ ہمارے گردو نواح میں موجود ہے یا نہیں، آئیے! ہم اپنے پہلو کو ٹٹول کر دیکھیں کہ مظلوموں کی آہ وزاری سن کر ہمارے قرب و جوار میں کوئی احسان کرلاتا ہے یا نہیں، آئیے! ہم اپنے صفحہ دل کو الٹ پلٹ کر دیکھیں کہ لٹے پٹے شام سے آئی گریہ وزاری پر ہمارے اندرون دل کوئی ارتعاش پیدا ہوتا ہے یا نہیں، کہیں ہم بھی او آئی سی کی طرح فضول مصروفیات کے اسیر تو نہیں ٹھہرے ہیں، کہیں ہم بھی عرب لیگ کی طرح محض چند لکیروں کے فقیر تو نہیں ہیں، کہیں ہمارے قرب و جوار میں وہی بے حسی اور بے مروتی ہی تو قابض نہیں ہو چکی جو عرب کے شہزادوں اور عجم کے وزرائے اعظم کا خاصہ اور طرہ امتیاز ہے، خبر نہیں یہ یخ بستہ اور سرد ہوائیں کن جھیلوں اور چناروں سے آئی ہیں کہ جنہوں نے ان سارے کھیون ہاروں کے جذبات و احساسات کو برفاب اور عذاب بنا کر رکھ دیا ہے، یقینا یہ سرد مہری روس، امریکا اور بشارالاسد کے ظلم سے بڑا ایک ظلم ہے۔
    عینی علی الشام قد جفت مآقیہا
    ہل مَن یقدِّم لی دمعا لابکیہا
    ٭…٭…٭

  2. #2
    Join Date
    24 Aug 2013
    Location
    MinwaLi
    Age
    34
    Gender
    Male
    Posts
    6,146
    Threads
    374
    Credits
    10,164
    Thanked
    442

    Default

    جزاک اللہ
    Never Stop Learning And Growing

  3. #3
    Join Date
    17 Jul 2017
    Age
    22
    Gender
    Male
    Posts
    2,731
    Threads
    256
    Thanked
    801

    Default

    Jazak Allah

Similar Threads

  1. Replies: 3
    Last Post: 22nd December 2012, 06:43 PM
  2. Replies: 9
    Last Post: 30th June 2012, 11:11 AM
  3. Replies: 8
    Last Post: 26th June 2012, 10:47 AM
  4. میری چاہت ہے ہمیشہ سے خموشی میں چھُپی
    By DiL Da JaNi in forum Urdu Adab & Shayeri
    Replies: 0
    Last Post: 19th February 2012, 12:37 PM
  5. Replies: 17
    Last Post: 17th May 2011, 12:02 PM

Bookmarks

Posting Permissions

  • You may not post new threads
  • You may not post replies
  • You may not post attachments
  • You may not edit your posts
  •