(محترم ممبران (آٹی دنیا ۔ السلام علیکم

آج ایک اہم موضوع کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں اور وہ ہے اردو زبان کو فروغ دینا۔ لیکن اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اردو کو کیوں اور باقی زبانوں کو کیوں فروغ نہ دیا جائے؟

اس سوال کا جواب یہ ہے کہ بے شک پاکستان میں بولی جانے والی تمام زبانیں محترم ، اردو زبان کا کسی زبان سے کوئی جھگڑا نہیں ہے، تمام پاکستانی زبانیں اہم ہیں، خوب صورت ہیں، زبان صرف زبان نہیں ہوتی بلکہ اس کے ساتھ پوری تہذیب، ثقافت اور تاریخ ہوتی ہے۔ میں انگریزی زبان کے بھی مخالف نہیں کرتا بلکہ انگریزی بھی نہایت ضروری ہے۔ البتہ انگریزی زبان کو سرکاری زبان نہیں ہونا چاہئے، اسی لئے میں اردو زبان کو فروغ دینے کی بات کررہا ہوں کہ اردو ہی پاکستان کی وہ واحد رابطے کی زبان ہے جو پاکستان کے چپے چپے میں بولی اور سمجھی جاتی ہے، یہ میرا ذاتی تجربہ اور مشاہدہ بھی رہاہے اور تجربے کاروں کی رائے بھی یہی ہے۔ تعصب سے بالا تر ہوکر ملک کے مفاد میں سوچئے اگر اردو زبان کو فروغ دیا جائے اور یہ سرکاری زبان کے طور پر رائج ہوجائے تو ہمارے وہ ہونہار بچے اور بچیاں جنہوں نے اردو میڈیم سے نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے وہ بھی اپنی صلاحیتوں کو بہت اچھی طرح استعمال کرسکیں گے۔ اس وقت مسئلہ یہ ہے کہ بچے انگریزی سمجھیں یا اپنے مضمون کو سمجھیں؟

دوسری بات اگر ایک پاکستانی شخص ملک کے کسی دوسرے شہر جاتا ہے تو وہ اردو میں ہی اپنی بات دوسرے تک پہنچتا ہے اور سامنے والا اس کی بات کو بآسانی پڑھ اور سمجھ لیتا ہے۔ انگریزی زبان کی اہمیت اپنی جگہ لیکن انگریزی کو اتنا اپنے اوپر حاوی کرلینا کہ زیادہ تر لوگ پریشانی کا شکار ہوں بلکل مناسب نہیں۔ اردو زبان ہر لحاظ سے سرکاری زبان بننے کے لئے بلکل تیار ہے اور اس سلسلے میں مختلف ادارے بہت اچھے انداز میں کام بھی کررہے ہیں، جس میں مقتدرہ قومی زبان نے اپنا کام بحسن خوبی سے انجام دیا۔

ذرا سوچئے خاص طور پر قانونی دستاویزات جو کہ انگیریزی زبان میں لکھے ہوتے ہیں ایک عام آدمی جس نے اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کی ہو وہ بغیر سمجھے اس اہم ستاویزات پر دستخط کردیتا ہے اور اس طرح کی بہت سی مثالیں موجود ہیں، اسی طرح صوبائی اور وفاقی پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کو اردو زبان میں ہونا چاہیئے ۔

دنیا کے بہت سارے ترقی یافتہ ملکوں میں سرکاری زبان ان کی اپنی قومی زبان ہے، تعلیم و تدریس کے علاوہ سرکاری کام بھی اپنی ہی زبان میں ہوتا ہے۔ ہمارے پیارے ملک پاکستان میں بھی اردو قومی زبان کے ساتھ ساتھ سرکاری زبان بھی ہوجانی چاہئے، اس تبدیلی سے ان شاء اللہ ملک میں ہر شخص اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے بآسانی ملک و قوم کے لئے نمایاں خدمات انجام دےسکتا ہے۔

امید ہے آپ سب لوگ بھی اردو زبان کو فروغ دینے کے لئے اپنے اپنے حلقوں میں کوشش اور محنت فرمائیں گے۔ جزاک اللہ

پاکستان زندہ باد