بیجنگ: چین کے صدر شی چن پنگ نے سمندر پر بنائے گئے دنیا کے سب سے بڑے پل کا افتتاحکردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صدر شی چن پنگ نے چین کے جنوبی ساحلی شہر ژوہوئی میں تعمیر کیے گئے 55 کلومیٹر طویل بحری کراسنگ برج کا افتتاح کردیا۔

سمندر کے اوپر تعمیر کیے گئے پل کو تکمیل میں 9 سال لگے اس پل سے چین کو ہانگ کانگ اور مکاؤ سے ملادیا جائے گا جب کہ اس پل کی وجہ سے چین کے 11 شہروں کے درمیان زمینی رابطہ بحال ہوجائے گا۔ یوں 68 ملین افراد ایک دوسرے سے منسلک ہوجائیں گے۔

55 کلومیٹر طویل اس پُل میں 6.7 کلومیٹر کا ٹنل بھی بنایا گیا ہے، باقی 22.9 کلو میٹر کے مرکزی برج کے علاوہ ایک مصنوعی جزیرہ بھی بنایا گیا ہے جس پر شاندار روشنی کا انتظام کیا گیا ہے۔
چین کو ہانگ کانگ سے ملانے والےاس پُل سے 11 شہروں کے درمیان نہ صرف فاصلہ کم ہوگیا ہے بلکہ معیشت اور تجارت کو بھی فروغ ملے گا اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوجائے گا۔

انتہائی مضبوط اور ٹھوس ترین اسٹیل سے بنایا گیا پل سمندر کی ظالم لہروں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس پر بیک وقت ہزاروں گاڑیاں سفر کرسکتی ہیں۔