مختصر نصیحت

حضرت ابوایوب انصاری رَضِیَ اللہُ عَنْہ فرماتے ہیں کہ ایک اعرابی رسول اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کی خدمت میں حاضر ہوا، اس نے عرض کی: یارسول اللہ!صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم مجھ کو کچھ نصیحت مختصراً ارشاد فرمائیے، حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے فرمایا: نماز ایسی پڑھ جیسے کوئی رخصت ہونے والا پڑھتا ہے (یعنی یہ خیال کر کہ شاید یہ میری آخری نماز ہو، دوبارہ پڑھنے کی مہلت نہ ملے) اور نہ ایسی بات کر کہ جس سے کل معذرت کرنی پڑے اور جو کچھ لوگوں کے پاس ہے اس سے ناامید رہ۔ (یعنی دوسروں کے مال و متاع میں طمع نہ رکھ)۔
(ابن ماجہ، کتاب الزھد، باب الحکمۃ، ۴/۴۵۵، الحدیث: ۴۱۷۱)