وفاقی وزیر اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور کے بعد شدت پسندوں کا اگلا نشانہ فیصل آباد ہوسکتا ہے۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں سنئیر صحافیوں اور کالم نویسوں کے ایک گروپ سے گفتگو کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ان (شدت پسند)گروپوں کے لوگ موجود ہیں جو مختلف شہروں میں کسی بھی وقت آپریشنل ہوسکتے ہیں۔
ادھر اطلاعات کے مطابق فیصل آباد میں پولیس کو الرٹ کردیاگیا ہےاور شہر بھر کے ہوٹلوں گیسٹ اور ریسٹ ہاؤسز کی تلاشی لی جارہی ہے۔ شہر بھر میں جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں اور شہر میں داخلے کے تمام راستوں پر گاڑیوں کی خصوصی چیکنگ کی جار ہی ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ خفیہ ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے صیح طور پر کام نہیں لیا جارہا اور ایلیٹ فورس کے انسداد دہشت گردی کے تربیت یافتہ لوگ اہم شخصیات کی حفاظت کا کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت امن وامان قائم کرنے والے ان اداروں کی اصلاح کے اقدامات کررہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خفیہ ایجنیسیوں اور آپریشنل سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان رابطے کو بھی مزید موثر بنایا جارہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبہ سرحد کی حکومت کی رپورٹ کے مطابق سوات میں لڑکی کو کوڑے مارنے کا واقعہ تین مہینے پرانا ہے اور امن معاہدے کے بعد اس معاملے کو میڈیا پر اچھالنے سے پاکستان اور اسلام کا امیج متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال واحد حل نہیں ہے اور اس سلسلے میں مذاکرات کا عمل بھی چلایا جانا چاہیے اور ان کے بقول اس پالیسی سے امریکہ نے بھی اتفاق کیا ہے۔
Bookmarks