پنجیری خاص طور سے سردیوں میں کھائی جاتی ہے۔کیونکہ اس میں تقریبا سارے ہی میوے ڈالے جاتے ہیں جو تاثیر کے لحاظ سے گرم ہوتے ہیں۔ویسے یہ کچھ لیٹ ہوگئی ہے لیکن کیا کریں ہمارے ہاں*سردی دیر سے پڑی تو دیرسے ہی پنجیری کی یاد آئی۔

اب آتے ہیں پنجیری کے اجزاء اور ترکیب کی طرف۔

اجزاء
سوجی:ایک کلو
بادام:آدھا پاؤ (بھگو کر چھلے اور کٹے ہوئے)
پستے :آدھا پاؤ (بھگو کر چھلے اور کٹے ہوئے)
ناریل:آدھا پاؤ(باریک کٹا ہوا)
اخروٹ:آدھا پاؤ (کوٹ لیں ایسے کہ چورا نہ ہو)
کشمش:آدھا پاؤ(صاف کی ہوئی)
سبز الائچی(8 عدد،پسی ہوئی)
(اگر اسکو کمر کس کے طور پر استعمال کرنا ہے سردیوں میں تو اس میں گوند قطیرہ اور تال مکھانے(تل کر کوٹ لیں)بھی ڈال سکتے ہیں)
شکر:ایک کلو
اصلی گھی:آدھا کلو

ترکیب:
بادام اور پستوں کو اصلی گھی میں تل لیں۔اب ایک خشک پتیلی میں سوجی ڈال کر ہلکی آنچ پر بغیر گھی کے بھونیں۔جب ہلکی ہلکی خوشبو آنے لگے تو تھوڑا تھوڑا گھی ڈالیں اور بھونتے جایئں۔جب سوجی اچھے طریقے سے بھن جائے تو اس میں تمام میوے ملا دیں اور پسی الائچی بھی۔کچھ دیر مزید بھون کر چولھا بند کر دیں۔

جب ٹھنڈی ہو جائے تب اس میں شکر ملائیں ورنہ گرم سوجی میں شکر پانی چھوڑ دے گی جس کی وجہ سے پنجیری پسیج جائے گی۔ویسے کچھ لوگ ایسے بھی کھانا پسند کرتے ہیں لیکن اصل پنجیری خشک ہی ہوتی ہے۔اگر کمر کس بنانا ہے تو آخر میں گوند قطیرہ اور مکھانے بھی ملا لیں۔