اعجاز الحق اور چوہدری شجاعت حسین شہدائے لال مسجد کے قاتل ہیں:مولانا عبدالعزیز
واہ کینٹ : اعجاز الحق اور چوہدری شجاعت حسین شہدائے لال مسجد کے قاتل ہیں۔ مشرف کا نام تاریخ میں بدترین حکمران کے طور پر جانا جائے گا۔ پرویز مشرف میری ماں اور سینکروں معصوم بچوں اور خواتین کا قاتل ہے اسے کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔حلفا" کہتا ہوں کہ لال مسجد اور جامعہ حفصہ پر بمباری کے نتیجے میں ماؤں کی گود میں موجود دودھ پیتے کمسن بچے موت کے منہ میں چلے گئے۔پرویز مشرف جھوٹ بولتا ہے۔ان خیالات کا اظہار خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز نے واہ کینٹ میں شہدائے لال مسجد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے جب حکومت کے ساتھ لال مسجد انتظامیہ کے مذاکرات ناکام ہو گئے تھے تو مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور اعجاز الحق میرے قدموں میں گر گئے اور کہا کہ پرویز مشرف ناکام لوٹنے کی صورت میں ہمیں ایجنسیوں سے مروا دے گاآپ مہربانی فرما کر برقعہ اوڑھ کر باہر آ جائیں آپ کو تحفظ دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پرویز مشرف کا ساتھ دے کر ملک کے 17 کروڑ عوام سے دھوکہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ وعدوں سے مکر جانا چالاکی تو کہلائی جاسکتی ہے دانشمندی نہیں اور اب پاکستان کے عوام کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے ہم اس ملک میں اسلامی نظام کو نافذ کروا کر دم لیں گے۔