کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے کوچ کے لیے سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور توقع ہے کہ وسیم اکرم آئندہ ہفتے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی منیجمنٹ کو پریزنٹیشن دینگے۔

واضح رہے کہ اس سال آئی پی ایل کے دوسرے ٹورنامنٹ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز آخری نمبر پر رہی تھی اور اس انتہائی مایوس کن کارکردگی کے بعد اس نے آسٹریلوی کوچ جان بکانن کو کوچ کے عہدے سے ہٹادیا تھا۔

وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ وہ اس مرحلے پر کچھ کہنا نہیں چاہتے تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خان نے ان سے رابطہ کیا ہے اور وہ جلد کوچنگ کے بارے میں انہیں اپنے خیالات سے آگاہ کرینگے۔

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کوچ کے عہدے کے لیے وسیم اکرم کے علاوہ انگلینڈ کے سابق کوچ ڈنکن فلیچر اور بھارت کے سابق کوچ جان رائٹ بھی امیدوار ہیں۔ ان کے علاوہ سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل بیون، وورکری رامن اور ڈرمٹ ریو بھی انٹرویوز دے چکے ہیں۔

توقع یہی ہے کہ وسیم اکرم کی تقرری بولنگ کوچ کے طور پر ہوگی کیونکہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز ایک سے زائد کوچز کا پینل تشکیل دینے میں دلچسپی رکھے ہوئے ہے۔

وسیم اکرم اکثر وبیشتر بھارتی بولرز کو ٹپس دیتے رہے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی فاسٹ بولرز کے کیمپس میں ان کے تجربے سے فائدہ اٹھاتا رہا ہے۔ نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر کو وسیم اکرم کی ہی دریافت کہا جاتا ہے۔