بھارتی شائقین کی دعائیں پاکستانی ٹیم کیساتھ



جوہانسبرگ : یوں تو جب بھی پاکستان کا کسی بھی ٹیم سے مقابلہ ہوتا ہے، بھارتی عوام کی دعائیں اور نیک خواہشات دوسری ٹیم کے ساتھ ہوتی ہیں، مگر شاید اس مرتبہ بھارتی قوم پاکستان کی جیت کے لئے دعا گو ہے، کیونکہ پاکستان کی جیت ہی بھارتی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔ بھارتی کرکٹ شائقین ویسے تو ہمیشہ پاکستان کے حریف ہی رہے ہیں، مگر یہ عداوات محبت میں اتنی جلد بدل جائے گی، ایسا کسی نے نہ تو سوچا تھا، اور نہ ہی کسی کو اس کی امید تھی۔ جو کل تک تھے پاکستان کی شکست کے خواہش مند وہی آج ان کی جیت کا آسرا لگائے بیٹھے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی جیتنے اور پاکستانی ٹیم کی امیدوں کوچکنا چور کرنے کے خواب اپنے من میں سجا کر جنوبی افریقہ پہچنے والی بھارتی ٹیم کے ساتھ قسمت نے کچھ ایسا کھیل کھیلا کہ بارش نے ان کے لیے سیمی فائنل تک پہنچنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ،بھارتی ٹیم اس وقت چیمپئنز ٹرافی میں ایک ایسے موڑ پر کھڑی ہے جہاں ویسٹ انڈیز سے فتح کے بعد صرف اور صرف پاکستان کی جیت ہی ان کے لیے امید کی کرن ہے ،بھارت کا شاید ہی کوئی گھر، محلہ یا شہر ایسا ہو جہاں پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ میں کوئی آسٹریلیا کی طرفداری کر رہا ہو، کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جو چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے خواب کو زندہ کرسکتاہے ،توجو کل تک پاکستان کی شکست پر خوش ہوتے تھے ،وہی آج پاکستان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں ،اسے کہتے ہیں بدلتا ہے رنگ آسمان کیسے کیسے،