چاند پرپانی کی تلاش کی تازہ کوششیں بھی ناکام



چاند پر پانی تلاش کرنے کی تازہ ترین امریکی کوششیں بھی ناکام ہو گئی ہیں،چاند کی سطح سے راکٹ ٹکرانے کے بعد بھی وہاں پانی کی موجودگی کا سراغ نہیں مل سکا۔ خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا نے جمعے کو زمین کے قریب ترین سیارچے کی سطح سے راکٹ ٹکرانے کا کامیاب تجربہ کیا تھا تاہم اس کے نتیجے میں چاند کی سطح سے اٹھنے والے گرد و غبار کے تجزیے کے بعد وہاں پانی کی موجودگی کے آثار نہیں ملے۔ ہبل ٹیلی اسکوپ سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کے مطابق دھماکے کے بعد اب تک پانی کی موجودگی کا سراغ نہیں ملا تاہم مزید تحقیق جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ راکٹ ٹکرانے کے بعد چاند کی سطح پر فٹ بال گراؤنڈ کے پانچویں حصے کے برابر گڑھا پڑ گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ چاند پر بھیجے گئے بھارتی مشن نے سیارچے پر پانی کی موجودگی کا امکان ظاہر کیا تھا۔