شعیب اختردورہ نیوزی لینڈ میں واپسی کےخواہاں



پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر شعیب اخترنے لندن میں گھٹنے کی سرجری کرالی ہے اور وہ نومبر میں پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ کے موقع پر قومی ٹیم میں واپسی کا خواہاں ہیں۔ شعیب اخترکے سرجن اینڈریوولیمز نے بتایا کہ فاسٹ باﺅلر کی کامیاب سرجری ہوچکی ہے اورانہیں تین ہفتے ریسٹ درکار ہے۔اینڈریونے بتایا کہ فاسٹ باﺅلر مزید دوہفتے لندن میں قیام کرنا چاہتے ہیں اور ان کی کامیاب سرجری اگلے چار سال تک انہیں بولنگ کا بوجھ اٹھانے میں بھر پورمدد کریگی اور ان کی خطرناک بولنگ میں گھٹنے کی تکلیف دوبارہ اڑے نہیں آئے گی۔ شعیب اختر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ باﺅلر تین ہفتوں بعد لاہور واپس آکر ٹریننگ شروع کردینگے اور ان کی اولین کوشش ہے کہ وہ دورہ نیوزی لینڈ کے موقع پر پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں۔ شعیب اختر نے آخری بار اپریل میں آسٹریلیا کے خلاف یواے ای میں پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ کھیلی تھی جبکہ چیمپئنزٹرافی اور سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے وہ فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے تھے جبکہ ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں کرکٹ بورڈ نے فاسٹ باﺅلر ان فٹ قرار دیا تھا لیکن شعیب نے بعد انکشاف کیا کہ انہیں انتخاب عالم اور یاور سعید ٹیم میں نہیں رکھنا چاہتے۔ یادرہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نومبر میں نیوزی لینڈ کا دورہ کریگی جہاں ٹیم تین ٹیسٹ ، پانچ ون ڈے میچز اور ایک ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔