اسلام آباد…وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ عوام نے انہیں پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے لیکن حساب ڈیڑھ سال کامانگا جارہا ہے،اگر پانچ سال میں وعدے پورے نہ کئے توالیکشن نہیں لڑیں گے۔اسلام آبادکے سیکٹر ڈی 12 میں پلاٹ الاٹمنٹ لیٹرزتقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اورمیڈیاسے گفتگومیں وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت کودرست سمت پر ڈالنے کے لیے حکومت کومشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کاحق ہے کہ وہ ان سے حکومت کی کارکردگی کا پوچھیں اور اگر انہوں نے اپنے منشور اور وعدوں پر عمل نہ کیاتو اس سے بڑا احتساب اور کیا ہوگا کہ عوام انتخابات میں انہیں شکست دے دیں ۔وزیر اعظم نے سی ڈی اے حکام کو ہدایت دی کہ اسلام آباد میں بااثر افرادسے زمینوں کے قبضے واگزار کرائے جائیں اور تاخیر کے شکار منصوبوں کو فوری مکمل کیا جائے۔حکومتی کارکردگی کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چینی کی قیمت 45 روپے مقرر کردی گئی تھی لیکن جب مداخلت ہوئی تو عوام کو70 روپے میں بھی نہیں مل رہی۔سانحہ کراچی کی عدالتی تحقیقات سے متعلق سوال پروزیراعظم نے کہا کہ وہ صوبائی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔انہوں نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ پر پیسوں سے اگر قابو پایا جا سکتا تو وہ کرلیتے لیکن اس کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے اور اب وہ رواں سال ہر تھوڑے عرصے میں ایک نئے بجلی گھرکا افتتاح کریں گے۔تقریب میں شریک وزیرپانی وبجلی راجہ پرویز اشرف کومخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ میں نے انہیں کہابھی تھاکہ ڈیڈلائن نہ دیں۔
Bookmarks