کراچی …آئی ایم ایف کی جانب سے مالی معاونت ملنے کے باعث مالی سال 2006-07 کے بعد پہلی مرتبہ ملکی زرمبادلہ ذخائر15 ارب ڈالر کی سطح عبور کر گئے ۔اسٹیٹ بینک کے ترجمان سید وسیم الدین نے جیو نیوز کو بتایا کہ سال 2010 کے آغاز پر2 جنوری کو ملکی زرمبادلہ ذخائر ایک ارب چھ کروڑ ڈالر اضافے کے ساتھ15ارب تین کروڑ ڈالر سطح پر پہنچ گئے ہیں ۔اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 11 ارب27 کروڑ ڈالر کی سطح پر ہیں جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس3 ارب75 کروڑ ڈالر موجود ہیں۔ سیدوسیم الدین کا کہنا ہے کہ ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ آئی ایم ایف کی طرف سے ایک ارب20 کروڑ ڈالر کی قسط ملنے کی وجہ سے ہوا ہے۔اس سے قبل مالی سال2006-07میں ملکی زرمبادلہ ذخائر15 ارب ڈالر کی سطح پر تھے۔