اسلام آباد…چیف آف پاکستان جسٹس افتخارمحمدچوہدری نے حارث اسٹیل ملز نادہندگی کیس کی سماعت میں ریمارکس دیئے ہیں کہ کسی کوقومی دولت لوٹ کر بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔ نو ارب روپے قرض کی نادہندگی کے مقدمہ کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے مزیدکہا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ ملک کی دولت لوٹ کر بھاگ جائے گا، تاہم جو بے گناہ ہیں عدالت انہیں تحفظ فراہم کرے گی۔ نیب کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ ملزم سیٹھ یعقوب ڈیڑھ ارب روپے کی رقم واپس کرنے پر رضامندہوگیاہے جبکہ شیخ افضل کوبیرون ملک فرارمیں مدددینے میں ملوث افسروں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ عدالت نے سیٹھ یعقوب سے ابتدائی طور پر50کروڑ روپے وصول کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ملزم گرفتار دو بیٹوں کی رہائی کا فیصلہ7روز میں کیاجائے۔ چیف جسٹس نے سابق صدرپنجاب بنک ہمیش خان کووطن واپس لانے کی کوششیں تیزکرنے کی ہدایت کی جس پر نیب کے وکیل نے بتایاکہ امریکا نے ملزم کی حوالگی کے لیے مزیدشواہدمانگے ہیں جوفراہم کئے جارہے اوراس سلسلے میں ورجینیا کی عدالت میں کیس کی سماعت 24فروری کوہوگی،نادہندگی کیس کی آئندہ سماعت اب15فروری کوہوگی۔