اسلام آباد…اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز کیلئے چینی کی قیمت میں 7 روپے کا اضافہ کردیا ہے اور چینی38 کی بجائے45 روپے میں فروخت ہوگی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزید5 لاکھ ٹن چینی درآمد کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران وزارت خوراک و زراعت کی دو سمریوں کی منظوری دی گئی۔ پاسکوکیلئے ڈیڑھ لاکھ ٹن باسمتی چاول برآمد کرنے،چار بڑی اور چار چھوٹی فصلوں کی امدادی قیمت کے طریقہ کار پر وزارت خوراک و زراعت کی سمری کی منظوری دی گئی ۔چار بڑی فصلوں میں گندم، گنا، چاول اور کپاس جبکہ چار چھوٹی فصلوں میں دالیں، چنا، سبزیاں، تیل دار فصلیں شامل ہیں۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم، چاول، چینی، اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا کے ذخائر اور قیمتوں کا جائزہ بھی لیا۔