کابل …افغانستان میں برطانوی فوج کے سینئر کمانڈر نے اعتراف کیا ہے کہ طالبان کے خلاف جنگ صرف فوجی طاقت کے بل بوتے پر نہیں جیتی جاسکتی اور تنازع کا اختتام بالآخر مذاکرات سے ہوگا ۔ برطانوی فوج کی تھرڈ بٹالین رائفلز بیٹل گروپ کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل نک کِٹسنNick Kitson نے افغان ضلع سنگین میں جیکسن بیس پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی فوجیوں کی تعداد میں اضافے سے لڑائی میں مدد ملے گی ،لیکن افغان مسائل کا افغان حل فراہم کرنے کیلئے افغان فورسز کو آگے لانا چاہئے ۔افغان عوام کو قائل کرنا ہوگا کہ وہ عسکریت پسندی کو مسترد کردیں اور اپنی سلامتی کی ذمے داری خود اٹھائیں ۔ لیفٹیننٹ کرنل کٹسن کا کہنا ہے کہ سنگین کے علاقے میں دو سو یا اس سے بھی کم جنگجو ہوں گے لیکن قرب و جوار کے علاقوں میں محفوظ ٹھکانوں کی وجہ سے وہ اپنی کارروائیاں کرتے رہتے ہیں ۔