پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شعیب اختر اور عمر گل کی شر کت فٹنس سے مشروط کردی ،10 واں ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 24 جون تک سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔تمام سات میچز دمبولا کے رانگیری انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ڈے اینڈ نائٹ کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں براعظم کی چار ٹیسٹ ٹیمیں بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان ٹائٹل کے لیے نبردآزما ہوں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق چےئرمین پی سی بی کی وطن واپسی کے بعد ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے ٹیم کا اعلان کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شکست نے ٹیم میں شامل کئی کھلاڑیوں کی ایشیاء کپ اور دورہ انگلینڈ میں شرکت کو مشکوک بنا دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کا خیال ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز میں بھیجے جانے والی ٹیم کا صیح طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے پاکستان کو ورلڈ کپ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ذرائع کے مطابق پاکستان ایشیاء کرکٹ ٹورنامنٹ میں بورڈ ایک مضبوط ٹیم اترنا چاہتا ہے اور اس ٹورنامنٹ میں انہیں کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کے جائے گا جو مکمل فٹ ہونگے ۔ ٹیم کے انتخاب سے پہلے شعیب اختر اور عمر گل کی فٹنس کا مکمل طور پر جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد ان کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔یاد رہے کہ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پہلا میچ 15 جون کو پاکستان اور دفاعی چیمپئن سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا ۔اگلے روز بھارت اور بنگلہ دیش مد مقابل ہوں گے۔ 18 جون کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کا آمنا سامنا ہوگا۔19 جون کو پاکستان اور بھارت کا ٹکراوٴ ہوگا ،21 جون کو پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے مقابل ہوگی ،اگلے روز آخری لیگ میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔ فائنل 24 جون کو کھیلا جائے گا۔