بندوں کی جہنم سے آزادی اور شیطان کی قید

مسلمانو ! قبولیت کی باد نسیم چل پڑی ہے ، خیر و برکات کا سیلاب امد آیا ہے اور چاہنے والوں کے لۓ نیکی اور خیر و بھلائی کا دروازہ کھل گیا ہے اور شیطان کی تباہی و بربادی کا وقت آ گیا ہے ۔ حضرت ابوھریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا :

[ جب رمضان کا مہینہ آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیۓ جاتے ہیں جہنم کے دروازے بند کر دیۓ جاتے ہیں اور شیطانوں کو جکڑ دیا جاتا ہے ] ۔ ( متفق علیہ )

حضرت ابوھریرہ رضی اللہ عنہ سےہی مروی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا

[ جب رمضان کی پہلی ہی رات ھوتی ہے تو شیطانوں اور سرکش جنوں کو جکڑ دیا جاتا ہے اور جہنم کے دروازے بند کر دیۓ جاتے ہیں اور ان میں سے کوئي دروازہ نہیں کھولا جاتا اور جنت کے دروازے کھول دیۓ جاتے ہیں اور ان میں سے کوئی دروازہ بند نہیں کیا جاتا اور ایک فرشتہ منادی کرتا ہے : اے خیر و بھلائي کے چاہنے والے ! قدم بڑھاؤ ، اوراے شر و گناہ کرنے والے ! اپنے قدموں کو روک لے اور اللہ جہنم سے اپنے بہت سارے بندوں کو آزاد کرتا ہے اور یہ سلسلہ ہر رات جاری رہتا ہے ] ۔