برازیل میں سن دو ہزار چودہ میں ہونے والے فٹبال کے عالمی مقابلوں کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی گئی ہے۔

یہ ٹکٹ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی ویب سائیٹ سے بھی خریدے جا سکتے ہیں۔
فیفا کو اندازہ ہے کہ اس بار بھی سن دو ہزار چھ کے عالمی کپ کی طرح ٹکٹوں کے لیے بہت زیادہ رش ہو گا۔

دو ہزار چھ میں جرمنی میں منعقد ہونے والے عالمی کپ میں ہر ٹکٹ کے لیے تقریباً سات لوگ امیدوار تھے۔

برازیل میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے چونسٹھ مقابلوں کے لیے فیفا نے تقریباً تینتیس لاکھ ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے ہیں۔

ان ٹکٹوں کی قیمت اٹھاون پاؤنڈ سے لے کر فائنل میچ کے لیے چھ سو بتیس پاؤنڈ ہے۔

برازیل کے ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے شہری، مقامی طلباء اور کچھ سماجی تنظیموں کے ارکان یہ ٹکٹ پندرہ پاؤنڈ کی رعایتی قیمت پر خرید سکیں گے۔

فیفا کے مطابق سن دو ہزار چھ کا عالمی کپ تینتیس لاکھ سے زیادہ لوگ دیکھنے آئے جبکہ جنوبی افریقہ میں سن دو ہزار دس میں ہونے والا ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے بیس لاکھ لوگ آئے تھے۔

ٹکٹوں کی خرید کے طریقۂ کار کے بارے میں فیفا نے بتایا کہ دس اکتوبر دو ہزار تیرہ تک اگر ٹکٹوں سے زیادہ درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں لاٹری کا طریقہ اپناتے ہوئے چناؤ کیا جائے گا کہ کن لوگوں کو ٹکٹیں ملیں گیں۔

کم درخواستیں ملنے کی صورت میں بچ جانے والے ٹکٹ پانچ نومبر سے فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

فٹبال کے عالمی کپ کا آغاز بارہ جون 2014 کو ساؤ پاؤلو میں ہوگا۔