عالمگیر آپریشن کے ذریعہ دنیا بھر سے آن لائن فراڈ کے گر سکھانے میں ملوث ساٹھ افراد گرفتار
لندن ۔ برطانوی حکومت نے دھوکہ دہی کے گر بتانے والی ویب سائٹ بند کر دی جبکہ عالمگیر آپریشن کے ذریعہ دنیا بھر سے آن لائن فراڈ کے گر سکھانے میں ملوث ساٹھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق برطانوی حکام نے امریکی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی کی مدد سے طویل تحقیق کے بعد ایک ایسی ویب سائٹ کا سراغ لگایا جو انتہائی جدید پروگرامنگ کی حامل تھی اور اس ویب سائٹ کے ذریعہ دنیا بھر میں جرائم پیشہ افراد کو مختلف ممالک کے لوگوں کے بینک اکاؤنٹس، کریڈٹ کارڈز اور دیگر مالیاتی امور کی خفیہ رسائی دی جاتی تھی۔ یہ ویب سائٹ 2005ء میں قائم کی گئی تھی اور اب تک اس ویب سائٹ کے ڈھائی ہزار رجسٹرڈ ممبر بن چکے تھے۔ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ اس ویب سائٹ کے ذریعہ آن لائن مالیاتی فراڈ کے نت نئے گروں سے بھی آگاہ کیا جاتا تھا جس سے جرائم پیشہ افراد مستفید ہوئے تھے۔برطانوی حکام نے مذکورہ ویب سائٹ پر فوری طور پر پابندی لگا دی جبکہ بتایا کہ آن لائن فراڈ میں ملوث برطانیہ سے گیارہ افراد سمیت دنیا بھر میں ساٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا