خلاء کی سیر ساڑھے تین کروڑ ڈالر میں
کینیڈا سے تعلق رکھنے والےارب پتی لالِیبرٹے خلائی گا ڑی سویوُ پر سوار ہیں جو انہیں بین الاقوامی خلائی مرکز تک پہنچائے گی۔ انیس سو اسی کی دہائی میں بننے والی تھیٹر کمپنی ’سِرک دو سولائی‘ کے بانی لالیبرٹے نے اطلاعات کے مطابق خلاء کی سیر کا ٹکٹ ساڑھے تین کروڑ ّڈالر میں خریدا۔ خلائی جہاز سویو قازقستان سے بدھ کو روانہ ہوا اور جمعہ کو خلائی مرکز میں پہنچے گا۔ لالیبرٹے اس سفر پر جانے والے ساتویں عام شہری ہیں۔ لالیبرٹے نے کہا کہ وہ خلائی مرکز میں اپنے بارہ روزہ قیام کے دوران وہاں موجود سیاحوں کو ہنسانے کی کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ سب انسانوں کے لیے صاف پانی کی فراہمی کے حق میں ویب پر مہم بھی چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کو پانی کی صورتحال کے بارے میں احساس دلانا چاہتے ہیں۔ وہ نو اکتوبر کو خلاء سے دو گھنٹے کا مظاہر کریں گے جس میں دنیا کے چودہ شہروں سے لوگ شامل ہوں گے۔ یہ شو ویب پر دیکھا جا سکتا ہے۔ لالیبرٹے نے کہا کہ شو کی شروعات وہ ایک نظم سے کریں گے جس کے کرداروں میں چاند، سورج اور پانی کا قطرہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کردار آپس میں بات کریں گے جو ایک کہانی کی صورت اختیار کر لے گی اور دنیا کو سنائی جائے گی۔ان کے پروگرام میں امریکہ کے سابق نائب صدر ایل گور اور آئرلینڈ کا میوزک گروپ یو ٹو بھی شرکت کریں گے۔
*********انٹرنیٹ نیوز********
Bookmarks