کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم میں تجربہ کار بیٹسمین محمد یوسف کی شمولیت نے ماہرین کو حیران کردیا ہے۔ تاہم ٹیم انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ انہیں اعتماد میں لئے بغیر محمد یوسف کو ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد یوسف کو منتخب کرتے وقت کپتان سلمان بٹ اور کوچ وقار یونس کو اعتماد میں نہیں لیا گیا بلکہ اس بارے میں فیصلہ پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ، منیجر یاور سعید اور سلیکٹر محمد الیاس کے درمیان باہمی مشاورت سے کیا گیا جبکہ چیف سلیکٹر محسن خان سے بھی ٹیلیفون پر رائے لی گئی۔ تاہم پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ محمد یوسف کو منتخب کرتے وقت کپتان اور کوچ سے رائے نہیں لی گئی۔ اتوار کو لندن سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے اعجاز بٹ نے کہا کہ محمد یوسف کو انگلینڈ بلانے کا فیصلہ ٹیم انتظامیہ کی مشاورت سے کیا گیا تھا۔ تمام لوگوں کی مشاورت سے انہیں طلب کیا گیا ہے۔ سلمان بٹ اور وقار یونس کی رائے بھی اس میں شامل تھی۔ محمد یوسف پر عائد پابندی کے حوالے سے عجیب و غریب منتق پیش کرتے ہوئے اعجاز بٹ نے کہا کہ محمد یوسف انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔ اس سے قبل انہوں نے اپنی پابندی کے خلاف اپیل دائر نہیں کی تھی۔ ریٹائرمنٹ کی وجہ سے ان کے خلاف سزا پر عمل درآمد نہیں ہوتا ہے۔ محمد یوسف نے کہا کہ وہ ریٹائرمنٹ واپس لینے کو تیار ہیں تو ہم نے انہیں منتخب کرلیا۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ یونس خان کا کیس پیچیدہ ہے۔ اس لئے فی الحال اس پر بات نہیں کروں گا۔
Bookmarks