نیویارک: انٹرنیٹ پر پیغام رسانی کی مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ نے دوسروں کو بھیجے گئے پیغامات کو ڈیلیٹ کرنے کا آپشن متعارف کرادیا ہے۔
کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ میسیج غلطی سے کسی اور شخص یا گروپ کو چلاجاتا ہے جس پر بسا اوقات شرمندگی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم واٹس ایپ نے اپنے ایک ارب صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرادیا ہے جس کے تحت آپ دوسروں کو بھیجے گئے پیغامات کو حذف کرسکتے ہیں۔ نئے آپشن کے تحت صارف پیغام بھیجنے کے بعد 7 منٹ کے اندر اندر اسے گروپ یا چیٹ سے ڈیلیٹ کرسکتے ہیں تاہم 7 منٹ بعد اسے ڈیلیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔
واٹس ایپ نے ڈیلیٹ فار ایوری ون (ڈیلیٹ سب کے لیے) اور ڈیلیٹ فار می (ڈیلیٹ صرف میرے لیے) کے نام سے دو آپشن متعارف کرائے ہیں۔ پہلے آپشن کے مطابق بھیجا ہوا میسج گروپ میں موجود تمام ممبرز کے پاس سے ڈیلیٹ ہوجائے گا اور اس کی جگہ پر ’یہ میسج ڈیلیٹ کردیا گیا ہے‘ لکھا آئے گا۔ دوسرے آپشن میں میسیج سب کے پاس پہنچ جائے گا اور صرف آپ کے پاس سے ڈیلیٹ ہوجائے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرایا گیا یہ فیچر تمام آئی فونز، اینڈرائیڈ فونزاور ونڈوز فونز کے لیے ہے۔ میسیج ڈیلیٹ کرنے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ پیغام بھیجنے والا اور وصول کنندہ دونوں کے پاس واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن انسٹال ہو۔ واضح رہے کہ واٹس ایپ انتظامیہ ایک سال سے اس آپشن پر ایک سال سے کام کررہی تھی۔
میسیج ڈیلیٹ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ واٹس ایپ میں وہ چیٹ کھولیں جہاں سے میسیج ڈیلیٹ کرنا ہو۔ میسیج کو دبا کر رکھیں اور پھر مینیو کے آپشن میں جاکر ’ڈیلیٹ فار ایوری ون‘ یا ’ڈیلیٹ فار می‘ میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔ اس سہولت کو حاصل کرنے کے لیے صارفین کو تازہ ترین ورژن انسٹال کرنا ہوگا۔
Bookmarks